Interferon Gamma Release Assay (IGRA) ایک خون کا ٹیسٹ ہے جو انسانوں میں تپدق (ٹی بی) کے انفیکشن کا پتہ چلاتا ہے۔ ٹی بی کی بیماری ٹی بی انفیکشن لگنے کے بعد ہی ہوتی ہے۔
ٹی بی انفیکشن (جسے خفتہ ٹی بی انفیکشن یا 'سوئی ہوئی' ٹی بی بھی کہا جاتا ہے) یہ ہے کہ آپ کے جسم میں ٹی بی کے جراثیم موجود ہوں لیکن آپ ان کی وجہ سے بیمار نہ ہوں۔ آپ کے جسم کا مدافعتی نظام جراثیم کو نقصان پہنچانے سے روک رہا ہوتا ہے۔ ٹی بی انفیکشن کی کوئی علامات نہیں ہوتیں اور جراثیم دوسرے لوگوں تک نہیں پہنچ سکتے۔
ٹی بی انفیکشن ٹی بی کی بیماری سے مختلف ہے یعنی بیماری میں ٹی بی کے جراثیم بیدار ہو چکے ہوتے ہیں یا تعداد میں بڑھ جاتے ہیں اور آپ کو بیمار کرتے ہیں اور اس صورت میں جراثیم آپ سے دوسرے لوگوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
اگر IGRA خون کے ٹیسٹ سے آپ میں ٹی بی انفیکشن پایا جائے تو آپ کا ڈاکٹر ٹی بی کی بیماری کو روکنے والی دوائی تجویز کر سکتا ہے۔
ٹی بی انفیکشن کے متعلق مزید معلومات یہاں مل سکتی ہیں: ٹی بی انفیکشن
IGRA کیسے کیا جاتا ہے؟
IGRA خون کے ٹیسٹ کے لیے خون کی 4 چھوٹی ٹیوبیں درکار ہوتی ہیں۔ آپ ٹیسٹ سے پہلے معمول کے مطابق کھا پی سکتے ہیں۔ یہ ٹیسٹ ٹی بی پیدا کرنے والے جراثیم کے خلاف جسم کے مدافعتی ردّعمل کو ماپ کر انفیکشن کا پتہ چلاتا ہے۔
IGRA ٹیسٹ کروانے سے پہلے
براہ مہربانی ان صورتوں میں نرس یا ڈاکٹر کو بتائیں کہ:
- آپ کو مدافعتی نظام کو کمزور کرنے والی کوئی بیماری ہو جیسے HIV، کینسر یا گردوں کی بیماری
- آپ مدافعتی نظام پر اثر ڈالنے والی دوائی لیتے ہوں جیسے سٹیرائڈز (مثلاً prednisone) یا کیموتھراپی (کینسر کی دوائیاں)
- پچھلے ایک مہینے میں آپ کو بخار (°38 سینٹی گریڈ سے زیادہ) یا انفیکشن مثلاً فلو، خسرہ یا سینے کا انفیکشن رہ چکا ہو
- پچھلے ایک مہینے میں آپ نے کوئی ویکسین لگوائی ہو
- آپ کو ماضی میں ٹی بی رہ چکی ہو یا آپ کا ٹی بی کے کسی مریض کے ساتھ واسطہ رہ چکا ہو۔
IGRA ٹیسٹ کروانے کے بعد
اگر آپ کا IGRA کا نتیجہ پازیٹیو ہو تو غالباً ماضی میں آپ کو ٹی بی کے جراثیم سے واسطہ پڑ چکا ہے۔ IGRA کے نیگیٹیو نتیجے کا مطلب یہ ہے کہ ایسا امکان نہیں ہے کہ آپ کو ٹی بی کے جراثیم سے واسطہ پڑا ہو گا۔
آپ کی نرس یا ڈاکٹر آپ کو نتیجے کا مطلب سمجھائیں گے اور بتائیں گے کہ آیا آپ کو مزید ٹیسٹوں یا علاج کی ضرورت ہے۔
مزید معلومات
مزید معلومات کے لیے تپدق ( ٹی بی) کے متعلق معلوماتی پرچے دیکھیں۔
اپنی زبان میں مفت مدد کے لیے 50 14 13 پر تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس کو فون کریں۔