اس فلو کے موسم میں اپنی اور اپنی کمیونٹی کی حفاظت کریں

23 April 2024

​NSW  بھر کے لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ 2024 کے فلو سیزن سے پہلے انفلوئنزا ویکسین کے لیے اپنی بکنگ کروا کر سنگین بیماری سے خود کو محفوظ رکھیں۔

سانس کی بیماریوں کی نگرانی کی تازہ ترین رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ NSW میں پچھلے چار ہفتوں میں 4,700 سے زیادہ افراد میں انفلوئنزا کی تشخیص ہوئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔

NSW ہسپتالوں میں 6 جنوری اور 14 اپریل 2024 کے درمیان انفلوئنزا جیسی بیماری کے 480 داخلے موصول ہوئے ہیں۔ اس کا موازنہ 2023 میں اسی عرصے کے دوران 284 کیسوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

NSW حکومت لوگوں کو ترغیب دے رہی ہے کہ وہ سردیوں سے پہلے مقامی جی پی یا فارماسسٹ کے ذریعے انفلوئنزا ویکسین کے لیے بکنگ کروائیں۔

جن لوگوں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ انہیں انفلوئنزا سے شدید بیماری کا زیادہ خطرہ درپیش ہوتا ہے، وہ مفت فلو ویکسین کے اہل ہیں۔ ترجیحی گروپوں میں شامل ہیں:

  • 6 ماہ سے لیکر پانچ سال سے کم عمر کے بچے
  • 65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگ
  • 6 ماہ کی عمر سے زائد کے ایبوریجنل لوگ
  • حاملہ خواتین
  • وہ لوگ جن کو صحت کی سنگین بیماریاں لاحق ہوں جیسے ذیابیطس، کینسر، مدافعتی امراض، موٹاپا، شدید دمہ، گردے، دل، پھیپھڑوں یا جگر کی بیماری۔

    NSW ہیلتھ فلو ویکسینیشن کے ساتھ ہی COVID-19 بوسٹر لگوانے پر غور کرنے کی بھی سفارش کرتے ہیں۔

    COVID-19 ویکسین کے بارے میں آسٹریلین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے امیونائزیشن کی تازہ ترین سفارش درج ذیل ہے:
  • 75 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بالغوں کے لیے ہر چھ ماہ بعد ایک بار COVID-19 ویکسینیشن،
  • شدید مدافعتی کمزوری کے حامل 65- 74 سال کی عمر کے بالغوں اور 18 - 64 سال کی عمر کے بالغوں کے لیے ہر 12 ماہ بعد ایک بار COVID-19 ویکسینیشن ؛ یہ لوگ ہر 6 ماہ بعد ویکسینیشن پر غور کر سکتے ہیں،
  • 18 - 64 سال کی عمر کے تمام بالغوں، اور 5 - 18 سال کی عمر کے ایسے افراد جنہیں شدید مدافعتی کمزوری لاحق ہو کے لیے ہر 12 ماہ بعد ایک بار COVID-19 ویکسینیشن پر غور کیا جا سکتا ہے۔
    خود کو اور اپنے عزیزوں کو COVID-19 اور فلو سے بچانے میں مدد کے لیے چند اقدامات جو اٹھائے جاسکتے ہیں ان میں شامل ہیں:
  • تجویز کردہ انفلوئنزا اور COVID-19 ویکسین کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ رہیں۔
  • اگر آپ کو سردی یا فلو کی علامات ہوں تو گھر پر رہیں اور اگر آپ کو گھر سے باہر نکلنے کی ضرورت ہو تو ماسک پہنیں۔
  • یا تو باہر یا کسی اچھی ہوادار اندرونی جگہوں پراکٹھے ہوں۔
  • اگر آپ کو COVID-19 یا انفلوئنزا سے شدید بیماری کا زیادہ خطرہ ہے تو اپنے ڈاکٹر سے ابھی بات کریں تاکہ آپ منصوبہ سازی کرلیں کہ بیمار ہونے کی صورت میں آپ نے کیا کرنا ہے، بشمول کون سا ٹیسٹ کروانا ہے، اور یہ بات زیربحث لائیں کہ کیا آپ اینٹی وائرل ادویات کے اہل ہیں۔
  • اگر آپ کو زکام یا فلو کی علامات ہیں یا آپ کا COVID-19 یا انفلوئنزا کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے توآپ ان لوگوں سے ملاقات نہ کریں جن کو شدید بیماری کا زیادہ خطرہ ہے۔

انفلوئنزا اور COVID-19 بوسٹر ویکسینوں کے بارے میں مزید معلومات NSW حکومت کی ویب سائیٹ پردستیاب ہیں۔

پریمیئر Chris Minns سے منسوب اقتباسات:

"انفلوئنزا انتہائی متعدی مرض ہے، اور یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر کمزور گروہوں جیسے چھوٹے بچوں، حاملہ خواتین، بوڑھے بالغوں اور ایسے لوگوں کے لیے جن کو دائمی طبی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔
"فلو ویکسین لگوانا اپنی اور وسیع تر کمیونٹی کی حفاظت کا بہترین طریقہ ہے۔"

وزیر صحت Ryan Park سے منسوب اقتباسات:

"آسٹریلیا کے کچھ حصوں میں انفلوئنزا میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے، اور توقع ہے کہ یہ جلد ہی پورے NSW میں بڑھنا شروع ہو جائے گا، اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ویکسین لگوائیں کیونکہ آپ نہ توخود ہسپتال میں جانا یا کمیونٹی کے کمزور اراکین کو خطرے میں ڈالنا چاہیں گے۔"چھ ماہ یا اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کو فلو ویکسین لگوانے کی سفارش کی جاتی ہے اور یہ GPs کے ذریعے کسی بھی عمر کے گروپ کے ساتھ ساتھ فارمیسیوں کے ذریعے پانچ سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کے لیے دستیاب ہیں۔"

چیف ہیلتھ آفیسر Dr Kerry Chant سے منسوب اقتباسات:
"پچھلے سال، ہم نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں علامات کے ساتھ چھوٹے بچوں کی تعداد  میں اضافہ دیکھا تھا جن میں سے کچھ کو فلو سے ہونیوالی جان لیوا پیچیدگیوں کے ساتھ انتہائی نگہداشت میں داخل کیا گیا تھا۔ ہم اس سال اسے دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے ہم خاندانوں کو یاد دلاتے ہیں کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو ان کی مفت فلو ویکسین کے لیے ابھی بُک کروائیں۔

"اپنے مقامی ڈاکٹر یا فارماسسٹ کے ذریعے بکنگ کروانا ایک بہت ہی تیز اور آسان عمل ہے جو آپ کو ضرورت پڑنے پر COVID-19 ویکسین بھی اسی وقت لگا سکتے ہیں۔ یہ سادہ عمل آپ کو اور آپ کے خاندان کو اس موسم سرما میں صحت مند رہنے میں مدد دے سکتا ہے۔